پی آئی سی :جلد علاج کیلئے عملہ نے 1 لاکھ روپے بٹورلئے

پی آئی سی :جلد علاج کیلئے عملہ نے 1 لاکھ روپے بٹورلئے

نرس ، کلرک کے اکاؤنٹ کاریکارڈ مل گیا، پروفیسرز کی کمیٹی بنادی :ایم ایس

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )پی آئی سی لاہور میں اکرم خاں نامی مریض کو سینے میں درد کے باعث ایمرجنسی میں لایا گیا ،جہاں ڈاکٹرز نے انجیو گرافی کے بعدسٹنٹ ڈالنے کا مشورہ دیا۔ اکرم خاں کے بیٹے کامراں خاں نے ایم ایس پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو دی جانے والی درخواست میں انکشاف کیا ہے کہ تاریخ لمبی ملنے پر ظہیر نامی ایڈمن کلرک سے سفارش کی درخواست کی تو ظہیر نے چار روز میں سٹنٹ ڈلوانے کا وعدہ کرکے ایک لاکھ روپے کیش کی درخواست کی۔ جس کے بعد کامران نے رسید لینے کا وعدہ کیا تو ظہیر نے 50ہزار اپنے اکاؤنٹ میں منگوائے اور50ہزار ایک ڈاکٹر کے اکاؤنٹ میں بھیجنے کا کہا جس کے بعد پھر ایک شمائلہ نامی نرس کاا کاؤنٹ دیا گیا جس میں مزید50ہزار روپے جمع کرادیئے گئے ۔علاج کے بعد جب مریض کے لواحقین نے رسید طلب کی تو ظہیر کلرک نے ٹال مٹول سے کام لیا تو مریض کے بیٹے کامران نے ایم ایس پی آئی سی کو درخواست دے دی۔دنیا نیوزنے نرس اور ظہیر کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کرانے کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے ۔ ایم ایس ڈاکٹر تحسین نے کہا ہے کہ اس ایشو پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے بھی بات ہوئی ہے جس کے بعد پروفیسرز پر مبنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں ، ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں