ایک ماہ اشیائے خورونوش 102روپے تک مہنگی

ایک ماہ اشیائے خورونوش 102روپے تک مہنگی

لاہور (کامرس رپورٹر ) پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول صوبائی دارالحکومت لاہور میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا سلسلہ جاری ہے ،اوپن مارکیٹ میں ایک ماہ کے دوران درجہ اول اور دوم آئل کی قیمت میں بالترتیب71روپے سے 102 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 سرکار ی جاری ہونے والی ریٹ لسٹ کے مطابق چاول ، دالوں اور بیسن کی قیمتوں میں بھی 25 سے 75روپے تک اضافہ کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گھی اور آئل کی مختلف قیمتیں وصول کی جارہی ہیں درجہ اول آئل کی فی لٹر قیمت 600سے 610روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ ایک ماہ کے دوران درجہ اول آئل کی قیمت میں71روپے تک اضافہ دیکھاگیا ہے جس سے پانچ لٹر کی پیٹی 355روپے اضافے سے 3050روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ درجہ اول گھی کی قیمتوں میں بھی اسی تناسب سے اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ درجہ دوم آئل کی قیمتوں میں ایک ماہ کے دوران 102روپے تک اضافہ ہوا جس سے 12لٹر کی پیٹی کی قیمت1238روپے اضافے سے 6528روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ درجہ دوم گھی کی قیمت میں71روپے تک اضافہ کیا گیا ہے جس سے 12کلو کی پیٹی1132 روپے اضافے سے 6432روپے تک جا پہنچی ہے ۔رواں ماہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ سرکاری لسٹ میں دالوں کی قیمتوں میں بھی 75روپے کلو تک اضافہ کیا گیا ۔ ریٹ لسٹ کے مطابق چاول سپر باسمتی 45روپے اضافے سے 300روپے ،دال چنا باریک30روپے اضافے سے 235روپے ،دال چنا سپیشل35روپے اضافے سے 250روپے ،دال مسور موٹی 25روپے اضافے سے 255روپے ،دال ماش امپورٹڈ دھلی ہوئی 75روپے اضافے سے 410روپے ،دال ماش چھلکے والی امپورٹڈ 55روپے اضافے سے 370،دال مونگ 30روپے اضافے سے 255،کالا چنا موٹا لوکل35روپے اضافے سے 235،کالا چنا باریک لوکل35روپے اضافے سے 220روپے ،سفید چنا 75روپے اضافے سے 360روپے جبکہ بیسن40روپے اضافے سے 255روپے فی کلو مقرر کیاگیا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں