سیاسی رہنمائوں کااجلاس، الیکشن شیڈول کے اعلان کامطالبہ

سیاسی رہنمائوں کااجلاس، الیکشن شیڈول کے اعلان کامطالبہ

لاہور (سیاسی نمائندہ ) اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین اور سابق وفاقی وزیر تعلیم سید منیر حسین گیلانی کی رہائش گاہ پر اے آر ڈی اور ایم آر ڈی کی جماعتوں کا غیر رسمی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی، مولانا محمد خان لغاری ،بیرسٹر اویس رضا ہاشمی ،پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالقادر شاہین، استقلال پارٹی کے چیئرمین منظور علی گیلانی، شیعہ پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین سید نوبہار شاہ اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور زور دیا گیا کہ الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کا فی الفور اعلان کر کے عوام میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کرے ۔ اجلاس میں فلسطین پر مظالم کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے فی الفور جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ۔سابق وفاقی وزیر سید منیر حسین گیلانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تمام ہم خیال سیاسی جماعتوں کو مل کر انتخابات میں حصہ لینا چاہئے ۔ فلسطین کے لئے اسلامی ممالک نے کچھ نہیں کیا۔پیراعجاز ہاشمی نے افسوس کا اظہار کیا کہ مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف ہونے والے مظالم کی طرف عالمی برادری اور خود امت مسلمہ نے توجہ نہیں دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں