خزانہ خالی،سیوریج،پانی فراہمی کے 3ارب کے ٹینڈرز

 خزانہ خالی،سیوریج،پانی فراہمی کے 3ارب کے ٹینڈرز

لاہور(سٹاف رپورٹر سے)خزانے میں رقم نہیں اور منصوبے 12ارب روپے کے بنا لئے گئے۔ شہر کے گلی محلوں میں سیوریج اور واٹر سپلائی کے کاموں میں پیچیدگیاں آنا شروع ہوگئیں۔

واسا کے او اینڈ ایم ٹاؤنز نے خزانے میں رقم کے بغیر 3 ارب کے ٹینڈرز لگا دئیے ۔پنجاب حکومت نے واسا کو لاہور کی دو سو یونین کونسلز میں سیوریج اور واٹر سپلائی سسٹم بہتر بنانے کی ذمہ داری دی جس کیلئے واسا کو 12ارب روپے کی خطیر رقم ملنا تھی لیکن پنجاب حکومت کی طرف سے فنڈز کا اجرا نہ ہونے سے منصوبے پر تلوار لٹکنے لگی،واسا نے فنڈز کے بغیر ہی کوالیفائیڈ فرموں سے اظہار دلچسپی مانگ لئے ۔ ترقیاتی کاموں کے آغاز کے بعد فنڈز کی عدم دستیابی شہریوں کیلئے مسائل کی وجہ بنے گی۔یونین کونسل 22 کی گلیوں میں ترقیاتی کاموں کے لئے 4 کروڑ 36 لاکھ 99 ہزار ،یونین کونسل 39 کے لئے 4 کروڑ 46 لاکھ 42 ہزار روپے کے فنڈز کا اجرا التوا کا شکار ہے ۔ یونین کونسل 30 سے 39 تک کی مختلف گلیوں میں سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن پر بھی سوالیہ نشان ہے ۔10یونین کونسلز میں سیوریج اپ گریڈیشن کیلئے ایک کروڑ 85 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ۔واسا انتظامیہ کا کہنا ہے پنجاب حکومت کو فنڈز کی استدعا کی ہے ،فنڈز جاری ہونگے تو ترقیاتی کام شروع کئے جائیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں