جنرل ہسپتال ، ایم آر آئی ٹیسٹ میں رشوت لینے کا سکینڈل

جنرل ہسپتال ، ایم آر آئی ٹیسٹ میں رشوت لینے کا سکینڈل

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)لاہور جنرل ہسپتال میں ایم آر آئی ٹیسٹ میں رشوت لینے کا سکینڈل سامنے آگیا۔دنیا نے بڑے پیمانے پر بذریعہ موبائل فون آن لائن رقم منتقلی کے ثبوت حاصل کرلئے۔

پرنسپل پروفیسر فرید ظفر نے ایم ایس کو کارروائی کی ہدایت کردی۔ ذرائع کے مطابق ایم آر آئی کا وقت دینے والا دانش نامی ریسیپشنسٹ غریب مریض کو مجبور کرکے پیسے بٹورتا ہے ۔ دنیا کو دستیاب دستاویزات کے مطابق انعام الحق نامی مریض کی 9 مئی کو پرچی بنی اور 18 مئی کا ٹائم دیا گیا جبکہ اس کے برعکس مریضہ شمیم اختر کی18 مئی کی پرچی بنی اور اسکو 18 کا ہی وقت دے دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم آر آئی میں مریضوں کو پھنسانے کیلئے سکیورٹی گارڈز کی خدمات بھی لی جاتی ہیں اور نائب قاصد سے لیکر سینئر آفیسرز تک کو حصہ دیا جاتا ہے ۔ غریب مریضوں کو مہینوں اور ہفتوں کا ٹائم دیا جاتا ہے جبکہ امیر لوگوں کو1ہزار سے 2ہزار تک آن لائن وصول کرکے ایم آر آئی کا جلدی وقت دیا جاتا ہے ۔ذرائع کے مطابق ایم آر آئی سے شکایت پر دانش کو متعدد بار تبدیل کیا چکا ہے مگر ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ایک سینئر ڈاکٹر ان کو واپس لانے کیلئے بار بار سفارش کرتے ہیں ۔ ایم ایس ڈاکٹر فریاد کا کہنا ہے کہ کرپشن میں ملوث کسی ملازم کے خلاف رعایت نہیں برتی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں