آلودگی خطرناک حد تک برقرار، اوسط شرح 523 تک پہنچ گئی
لاہور(سہیل احمد قیصر)شہر لاہور میں آلودگی کے عفریت نے تمام اقدامات کو شکست دے دی۔ باغوں کے شہر میں صبح کے اوقات میں اوسط ائیرکوالٹی انڈیکس 523 کی انتہائی خطرناک سطح تک جا پہنچا۔دن کے دیگر اوقات میں آلودگی کی شرح خطرناک حد تک برقرار رہی۔
تفصیلات کے مطابق ’’اُلٹی ہوگئیں سب تدبیریں، کچھ نہ دوا نے کام کیا‘‘ کے مصداق شہر لاہور میں آلودگی کا عفریت شہریوں کو سخت امتحان لینے لگا ہے۔ شہر میں دن کے بیشتر اوقات میں آلودگی کی شرح کا خطرناک حد تک برقرار رہنا معمول بن گیا ہے ۔پیر کی صبح کو شہر کا اوسط ائیرکوالٹی انڈیکس 523 کی خطرناک سطح پر جا پہنچا تھا جو بعد میں معمولی کمی کے ساتھ 433 کی سطح پر آگیا۔ شملہ پہاڑی اور ملحقہ علاقوں میں ائیرکوالٹی انڈیکس 507تک جا پہنچا۔ ڈیفنس فیز 8 میں 497 اور غازی روڈ پرائیرکوالٹی انڈیکس 425 ریکارڈ کیا گیا جبکہ گلبرگ کے مختلف علاقوں میں 410اور فیروز پورروڈ پر اے کیو آئی 348 رہا۔دھان کی باقیات کو آگ لگانے کے عمل کے باعث صورت حال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے ۔صورت حال کے باعث نزلہ،زکام اور سانس کے امراض میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔ طبی ماہرین کی طرف سے شہریوں کو ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ان کی طرف سے غیرضروری مصروفیات ترک کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔