ماڈل آرایچ سی میں ادویات عدم فراہمی پر شہریوں کا احتجاج
خانقاہ ڈوگراں(نامہ نگار)ماڈل رورل ہیلتھ سنٹر میں ادویات کی عدم فراہمی پر شہری سراپا احتجاج بن گئے، ایمرجنسی کی صورت میں بھی نام کے ماڈل رورل ہیلتھ سنٹر میں کسی قسم کی کوئی بھی میڈیسن دستیاب نہیں ہے، شہریوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خانقاہ ڈوگراں ماڈل رورل ہیلتھ سنٹر 30 سے زائد دیہاتوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بنایا گیا ہے ،مگر اس کے برعکس یہاں سوائے فرضی چیک اپ کے کسی قسم کی کوئی سہولت دستیاب نہیں، ایمرجنسی کی صورت میں مریض کے لواحقین مطلوبہ ادویات کیلئے مارے مارے پھرتے ہیں، ٹانکہ لگانے کے لئے نیڈل اور دھاگہ بھی مریض کے ورثاکو باہر موجود میڈیکل سٹور سے منگوانا پڑتا ہے ،جبکہ 80 فیصد مریضوں کو فوری شیخوپورہ اور لاہور ریفر کر دیا جاتا ہے ، شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ہسپتال کی ابتر صورتحال بالخصوص ایمرجنسی میں مریضوں کے لئے ضروری ادویات کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔