جنگلی پرندوں کے 8غیرقانونی شکاریوں کے چالان، جرمانہ
لاہور(لیڈی رپورٹر )فالکن،فاختہ،میناسمیت جنگلی پرندوں کے 8 غیرقانونی شکاریوں کے چالان کرکے انہیں بھاری جرمانے عائد کئے ،2 ایئر گنیں ضبط اور معاون شکاری پرندے قدرتی ماحول میں آ زاد کر دیئے ۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف جھنگ محمد اکرم شاہد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فالکن کے غیر قانونی شکار میں ملوث2 شکاریوں کو گرفتار کرکے ان سے 2معاون شکاری پرندے کیسٹرل فالکن اور 2 جنگلی کبوتر برآمد کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا، عدالت نے ملزموں کو 40 ہزار جرمانہ کر کے معاون شکاری پرندے قدرتی ماحول میں آ زاد کرنیکا حکم دی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ٹوبہ ٹیک سنگھ عبدالرشیدنے ایئرگنز کیساتھ جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار میں مشغول 3شکاری گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2 ذبح شدہ فاختائیں اور 2 ایئرگنز برآمد کرکے وا ئلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کر کے قانونی کارروائی شروع کردی ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف فیصل آباد نمرہ رشید نے بھی مینا کے شکار میں مشغول 2 شکاریوں کا تعاقب کرکے ایک شکاری کو موقع پر گرفتار جبکہ دوسرا شدید دھند کے پیش نظر فرار ہو گیا۔ ایک شکاری کو 10ہزار روپے جرمانہ جبکہ دوسرے کیخلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔وائلڈ لائف سٹاف گوجرانوالہ ریجن نے ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف عاصم بشیر چیمہ کی سربراہی میں جنگلی پرندوں کے ایک غیر قانونی شکار ی کو گرفتار کرکے اسے 10 ہزار روپے جرمانہ کیا اور کیس نمٹا دیا۔