حکومت کسان اور خوراک دشمن اقدامات نہ کرے : پی پی

حکومت کسان اور خوراک دشمن اقدامات نہ کرے : پی پی

لاہور(سپیشل رپورٹر)پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی نے پاسکو کو نجکاری کی بھینٹ چڑھانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا منافع بخش ادارے کی حوصلہ افزائی کے بجائے اسکی رائٹ سائزنگ کرنا کہاں کا انصاف ہے۔

ان کا کہنا تھا قائد عوام نے اس ملک و کسان دوست محکمے کی بنیاد 1974میں رکھی تھی،ن لیگ جب بھی برسر اقتدار آتی ہے ،پاسکو کی جڑیں کاٹنا شروع کر دیتی ہے۔ ملک بھر میں گندم و دھان کی کمی بیشی کے وقت پاسکو ہی قوم کے کام آتا ہے اورملکی غذائی ضروریات کو پورا کرنیوالے ادارے سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے۔ علی حیدر گیلانی نے زور دیکر کہا وفاقی حکومت کسان اور خوراک دشمن اقدامات سے باز رہے ، پیپلز پارٹی پاسکو کی نجکاری روکنے کیلئے پنجاب اسمبلی سمیت تمام فورمز پر آواز بلند کریگی۔ادھر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے صادق آباد میں شہید بی بی کے فلیکسز پر بعض عناصر کی طرف سے سیاہی پھینکنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ایسی مذموم حرکت صرف سیاست اور جمہوریت دشمن لوگ ہی کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا ایسے عناصر حکومتی اتحادیوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنیکی کوشش کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں