قیدیوں کی ذہنی صحت کی جانچ کے لئے پلان تیار

 قیدیوں کی ذہنی صحت کی جانچ کے لئے پلان تیار

لاہور (سیاسی نمائندہ) محکمہ داخلہ نے صوبہ بھر کی 43 جیلوں میں قیدیوں کی ذہنی صحت کی جانچ کیلئے پلان تیار کرلیا۔

محکمہ نے چیف سائیکالوجسٹ کو ہدایت کی ہے کہ ہر ماہ 5 جیلوں کا دورہ کر کے رپورٹ مرتب کریں۔ انسپکٹریٹ آف پریزن میں تعینات چیف سائیکالوجسٹ ہر ماہ پنجاب کے کم از کم دو ریجن میں جاکر جیلوں کا معائنہ کریں گے ۔ اس دوران ہر جیل میں تعینات سائیکالوجسٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے اور جیل میں قیدیوں کے رویے اور کردار میں بہتری کیلئے ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ چیف سائیکالوجسٹ تمام جیلوں میں قائم ذہنی صحت مراکز کا خود دورہ کریں۔ ترجمان محکمہ داخلہ نے بتایا کہ قیدیوں کی فلاح کیلئے پنجاب بھر کی جیلوں میں سینئر اور جونیئر سائیکالوجسٹ تعینات ہیں۔ صوبہ بھر کی جیلوں میں سینئر سائیکالوجسٹ کی 44 اور جونیئر کی 43 اسامیاں ہیں۔ نوعمر اور خاتون اسیروں کی ذہنی صحت بہتر بنانے کیلئے خصوصی توجہ کی بھی ہدایت کی گئی ۔ چیف سائیکالوجسٹ ہر ماہ کے دوروں کے دوران صورتحال کا جائزہ لے کر سیکرٹری داخلہ کو تحریری رپورٹ پیش کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں