متوازی سٹرکوں کی تعمیر، فنڈز نجی سکیموں کے ذمہ
لاہور(شیخ زین العابدین)شہر کے وسط میں چار متوازی سڑکوں کے لئے فنڈنگ پرائیویٹ سکیموں اور مستفید املاک سے کی جائے گی۔ ایل ڈی اے نے سٹرکچرل پلان روڈ کیلئے لیوی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ چارجز عائد کرنے کی تجویز دے دی۔
سٹرکچر پلان روڈ کا فائدہ لینے والی سوسائٹی سے پانچ لاکھ فی کنال ڈویلپمنٹ چارجز وصول کرنے کی تجویز دی گئی، ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ چارجز کی وصولی کو مزید مفصل بنانے کا حکم دے دیا۔ تفصیل کے مطابق شہر کے وسط میں چار متوازی سڑکوں کے لئے فنڈنگ پرائیویٹ سکیموں اور مستفید املاک سے کی جائے گی، جہاں سے سٹرکچر پلان روڈ گزرے گی، مذکورہ سوسائٹیوں سے فنڈز لئے جائیں گی۔ ادارے کے ریونیو میں اضافے کیلئے ایل ڈی اے نے اپنی نوعیت کا پہلا فیصلہ کر لیا۔متوازی سڑکوں کی تعمیر کے بعد مرمت و بحالی اسی فنڈنگ سے کی جائے گی۔انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ چارجز عائد کرنے کا ماڈل روڈا کی مانند ہوگا۔ سٹرکچر پلان روڈ کا فائدہ لینے والی سوسائٹی سے پانچ لاکھ فی کنال ڈویلپمنٹ چارجز وصول کرنے کی تجویز دی گئی۔ شہر لاہور میں فی الفور 2 نئی سٹرکچرل پلان روڈز کی تعمیر کا پلان بن گیا۔ ایکسپو سنٹر سے رنگ روڈ تک گیارہ کلومیٹر طویل سٹرکچرل پلان روڈ کی تعمیر کی جائے گی، ایکسپو سنٹر سے ٹھوکر نیاز بیگ، نجی سوسائٹیوں سے ہوتی ہوئی سڑک رنگ روڈ تک جائے گی۔ بھلہ چوک سے ڈاکٹرز ہسپتال تک بھی سٹرکچرل پلان روڈ تعمیر کرنے کا پلان بنایا گیا،اس کی لمبائی2کلومیٹر ہوگی۔