پاکستانی زراعت کو ترقی دینے میں جاپان کا اہم کردار :ندیم شاہ
لاہور(کامرس رپورٹر)جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے پاکستان کی زراعت کو ترقی دینے کیلئے عملی اقدامات کرنے پر گورنمنٹ آف جاپان اور۔۔۔
ڈائریکٹر جنرل پاکستان آئل سیڈ ڈیپارٹمنٹ وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ اسلام آباد ڈاکٹر خیر محمد کاکڑ کو خراج تحسین پیش کرتے کہا ہے کہ جاپان گورنمنٹ پاکستان کو غذائی قلت سے بچانے کیلئے پاکستان کی مدد کر رہی ہے ،اس حوالے سے بلوچستان کی زمین کو قابل کاشت بنانے کیلئے گورنمنٹ آف جاپان نے کینڈی راؤنڈ 2 (کے آر 2 )پروگرام کے تحت بلوچستان حکومت کو مختلف ادوار میں 300 بلڈوزر عطیہ کیے ہیں اور آبپاشی کے جدید طریقے متعارف کرانے سمیت بارش کے پانی کو محفو ظ بنانے کیلئے بھی اقدامات کیے ہیں جو پاکستان اور جاپان کی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان آئل سیڈ ڈیپارٹمنٹ وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ اسلام آباد ڈاکٹر خیر محمد کاکڑ پاکستان میں زیتون کی کاشت سمیت زرعی شعبے کو فروغ دینے میں اہم ترین کردارادا کر رہے ہیں ۔ زیتون کی کاشت سے 4 ارب 50 کروڑ ڈالر سے زائد کا زرِ مبادلہ بچایا جا سکتا ہے۔