ایل ڈی اے انتظامیہ کوئی اپارٹمنٹ منصوبہ کامیاب نہ کرسکی
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )ایل ڈی اے انتظامیہ ماضی کا کوئی اپارٹمنٹ منصوبہ کامیاب نہ کرسکی۔ ایل ڈی اے نے اپارٹمنٹ کی تعمیر کا جو منصوبہ شروع کیا۔۔
ادھورا چھوڑ دیا، اربوں روپے کے فنڈز لگنے کے باوجود یہ اپارٹمنٹس کارآمد ثابت نہ ہوسکے ۔ ایل ڈی اے انتظامیہ اپنے افسروں اور عوام کیلئے ایک بھی اپارٹمنٹ تعمیر نہ کرسکی۔ ماضی میں بننے والے اپارٹمنٹس کو جوائنٹ وینچر کے تحت دینے کی تیاری کر لی گئی۔ ایل ڈی اے کا اپنا اپارٹمنٹ بلڈنگ منصوبہ جوہرٹاؤن بھی تاخیر کا شکار ہے ۔ایل ڈی اے سٹی موضع ہلوکی میں نیا پاکستان اپارٹمنٹس منصوبہ بند کیا۔ جوہر ٹاؤن فنانس اینڈ ٹریڈ سنٹر میں زیر تعمیر اپارٹمنٹس کو مکمل کرنے کا پلان بنایا۔ ایف ٹی سی میں پہلے سے تعمیر شدہ اپارٹمنٹس کے اندرونی و بیرونی تعمیراتی کاموں کو مکمل کیا جانا تھا۔72 اپارٹمنٹ پر مشتمل عمارت کو مکمل کرنے کیلئے 52 کروڑ 31 لاکھ 53 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا،تعمیراتی کام 6 ماہ کے عرصہ میں مکمل کیا جانا تھا۔پی سی ون کی وضع کردہ ڈیڈ لائن گزر گئی مگر اپارٹمنٹس مکمل نہ ہوئے ۔سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود اپارٹمنٹس رہائش کے لئے استعمال میں نہ لائے جاسکے ۔