پاکستان ہر محاذ پر اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا : ملک احمد

لاہور (سیاسی نمائندہ،لیڈی رپورٹر،خبر نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے مقامی ہوٹل میں بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستانی میڈیا کا کردار کے موضوع پر منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں ستارہ امتیاز حاصل کرنے والے سینئر صحافی سلمان غنی، سلیم بخاری، مجیب الرحمن شامی، ارشاد احمد عارف، اعظم چودھری ، رانا عظیم، معین اظہر اور میاں شاہد ندیم سمیت صحافتی حلقوں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ ملک احمد نے کہا جنگیں کبھی مسائل کا حل نہیں ہوتیں ، تباہی اور انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتی ہیں۔ سپیکر نے زور دیا سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پاکستان نے جنگوں کے دوران بھی برداشت نہیں کی۔ انہوں نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا جنگ کے دوران سب سے پہلے سچائی کا قتل ہوتا ہے مگر پاکستان کے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا نے ذمہ داری اور حب الوطنی کے ساتھ سچ کو دنیا کے سامنے رکھا، جو آج عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے پنجاب یونیورسٹی میں ’مستقبل کی تعلیم: چیلنجز اور مواقع‘ کے موضوع پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس آن ایجوکیشن کی افتتاحی تقریب سے بھی خطاب کیا۔ دوسری طرف ملک محمد احمد سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان خواتین کے حقوق و بااختیاری، جمہوری استحکام، معاشی خوشحالی، قانون سازی میں اشتراک اور پارلیمانی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔