تعلیمی اداروں میں شروع شجرکاری مہم غیر مؤثر ثابت

 تعلیمی اداروں میں شروع شجرکاری مہم غیر مؤثر ثابت

لاہور(عاطف پرویز سے)پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں شروع کی جانے والی شجرکاری مہم مؤثر ثابت نہ ہو سکی۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کی واضح ہدایات کے باوجود لاہور کے بیشتر سرکاری سکولوں میں درخت یا پودے نہ لگائے جاسکے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے تین ماہ قبل صوبے بھر کے تمام سکولوں کو شجرکاری مہم کے تحت مختلف اقسام کے درخت اور پودے لگانے کی ہدایت جاری کی تھی۔ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اساتذہ اور سکول انتظامیہ کو خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئیں اور مانیٹرنگ کی یقین دہانی کرائی گئی۔تاہم، زمینی حقائق اس کے برعکس نکلے ۔ لاہور کے کئی سکولوں میں یا تو پودے فراہم ہی نہیں کیے گئے ، یا سکول کی حدود میں ایسی جگہ موجود نہیں تھی جہاں شجرکاری کی جا سکتی۔ بعض اداروں میں سکول عملے کی عدم دلچسپی، پانی کی عدم دستیابی اور تکنیکی رہنمائی کے فقدان کے باعث مطلوبہ اہداف حاصل نہیں ہو سکے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے اب اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تمام سکولوں سے شجرکاری مہم کے تحت ہونے والی کارروائی کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ اس حوالے سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ہر سکول اپنی رپورٹ متعلقہ ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی کو بھجوائے اور یہ اتھارٹیز ایک دن کے اندر اندر تمام تفصیلات مرکزی دفتر کو ارسال کریں۔ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ صرف احکامات جاری کرنا کافی نہیں، سکولوں کو سہولیات، تربیت اور مسلسل نگرانی کے بغیر ایسی مہمات کامیاب نہیں ہو سکتیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں