شاہدرہ:پل کے تعمیراتی ملبے سے راوی کا نصف پاٹ بند

شاہدرہ:پل کے تعمیراتی ملبے سے راوی کا نصف پاٹ بند

لاہور(سہیل احمد قیصر)دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پھینکے جانے والے پل کے تعمیراتی ملبے نے دریا کا نصف سے زائد پاٹ بند کررکھا ہے۔ پل کے تیرہ دروں میں سے صرف تین دروں سے پانی گزر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطا بق راوی پل کا توسیع منصوبہ مکمل ہوئے تو طویل عرصہ گزر چکا ہے لیکن دریا میں گرایا جانے والا اِس کا تعمیراتی ملبہ آج تک نہیں اُٹھایا جاسکا۔صورت حال یہ ہوچکی ہے کہ ملبے کے باعث دریا کا نصف سے زائد پاٹ مکمل طور پر بند ہوچکا ہے اور دریا کے تیرہ دروں میں سے صرف تین دروں سے پانی گذر رہا ہے ۔باقی دس درے مکمل طور پر بند ہوچکے ہیں۔مون سون کی آمد کے باعث دریا میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے لیکن اِس کے باوجود ملبے کو اُٹھانے کی کوئی تدبیر دکھائی نہیں دے رہی۔ اِس صورت حال نے دریا کنارے کو گندگی کے ڈھیر میں تبدیل کردیا ہے ۔ ایک وقت میں جہاں لوگ اپنی شامیں گذارا کرتے تھے ، آج وہاں گندگی اور بدبو کے باعث کھڑا ہونا بھی محال ہوچکا ہے ۔ چند ماہ پہلے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ جلد ہی اِس ملبے کو اُٹھانے کے کا کام شروع کردیا جائے گا لیکن یہ یقین دہانی آج تک صرف اعلان کی حد تک ہی محدود ہے ۔ملبہ نہ اُٹھائے جانے کے باعث دریا کا حسن تو جیسے مکمل طور پر گہنا چکا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں