ایل ڈی اے : ریکارڈ کی پڑتال، ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تاخیر کا شکار
لاہور(شیخ زین العابدین)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ہاؤسنگ سکیموں کا ریکارڈ سفٹنگ اور ڈیجیٹلائزیشن کا عمل پھر تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔
پی ایل آر اے کی خدمات حاصل کرنے کے باوجود خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوسکی، مسنگ فائلوں کی وجہ سے ہزاروں شہریوں کے پلاٹوں پر انتقال اور قبضے کی کارروائیاں بھی رک گئیں، ذرائع کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ہاؤسنگ سکیموں کا ریکارڈ سفٹنگ اور ڈیجیٹلائزیشن کا عمل ایک بار پھر مسلسل التوا کا شکار ہوگیا ہے۔ اپریل میں ایل ڈی اے نے اس عمل کے لیے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پی ایل آر اے) کی خدمات حاصل کی تھیں، مقصد تھا باقی ماندہ ہزاروں فائلوں کو سفٹ کرنا اور جدید سسٹم میں منتقل کرنا، ابتدا میں ایل ڈی اے کی جانب سے 85 ہزار فائلوں کی سفٹنگ مکمل کی جا چکی تھی جبکہ ہدف تھا کہ مجموعی طور پر 1 لاکھ 60 ہزار فائلوں کو کور کیا جائے ۔ تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود اب تک صرف 90 ہزار فائلوں کی سفٹنگ ہی ممکن ہو سکی ہے ۔ریکارڈ سفٹنگ کے عمل میں پی ایل آر اے بھی کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہ کر سکا۔