پنجاب میں پہلی بار تیتر کے شکار کیلئے 80 شکار گاہیں مختص
غیر قانونی شکاربارے مستند اطلاع دینے پر 10ہزار روپے انعام رکھا گیا
لاہور(آن لائن)پنجاب میں پہلی بار تیتر کے شکار کیلئے80شکار گاہیں مختص کردی گئیں۔ قانونی شکار اور ٹرافی ہنٹنگ سے حاصل ہونیوالی آمدنی کا 80فیصد حصہ مقامی برادریوں کو دیا جائیگا اور غیر قانونی شکار، خصوصا اڑیال اور چنکارہ کے بارے میں مستند اطلاع دینے پر 10ہزار روپے انعام رکھا گیا ہے ۔پنجاب میں تیتر کے شکار کا سیزن یکم دسمبر سے پندرہ فروری تک جاری رہے گا۔ شکار صرف اتوار کے روز، مخصوص نوٹیفائیڈ جگہوں پر اور لائسنس یا پرمٹ کے ذریعے ہی ممکن ہوگا۔چیف وائلڈ لائف رینجر پنجاب مبین الہی کے مطابق اس سال ایک جامع اور نئی پالیسی متعارف کرائی گئی ہے جس کا مقصد مقامی کمیونٹیز کو فیصلہ سازی، نگرانی اور تحفظ کے عمل کا مرکزی حصہ بنانا ہے ۔انکے مطابق سالٹ رینج میں جنگلی حیات اور فطری ماحول کے امتزاج سے ایک بڑی ایکو ٹورازم کی صلاحیت موجود ہے جسے مربوط انتظام کیساتھ بین الاقوامی سطح تک لایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 80شکارگاہوں میں محدود تعداد میں شکار پرمٹس نیلام جبکہ کمیونٹیز سے باضابطہ درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں۔