سی بی ڈی : بڑا تجارتی مرکز بنانے کا منصوبہ ٹھپ
ناقص منصوبہ بندی ناکامی کی بڑی وجہ ، انتظامیہ کی بھی منصوبہ بندہونے کی تصدیق
لاہور (شیخ زین العابدین)سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب کا بڑا منصوبہ گرینڈ سوق عملی شکل اختیار نہ کر سکا،ریسکیو 1122 نے اپنی زمین سی بی ڈی کو دینے سے انکار کر دیاجبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ بھی اسی اراضی کا دعویدار نکل آیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں کمرشل سرگرمیوں کو فروغ دینے کے دعوؤں کے برعکس سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب کا بڑا منصوبہ گرینڈ سوق عملی شکل اختیار نہ کر سکا۔یہ منصوبہ فیروزپور روڈ پر ریسکیو 1122 کی 68 کنال قیمتی اراضی پر تعمیر کیا جانا تھاجہاں تین منزلہ جدید کمرشل عمارت میں 350 سے 550ریٹیل یونٹس بنانے کا منصوبہ بنایا گیا۔
ریسکیو 1122 نے اپنی زمین سی بی ڈی کو دینے سے انکار کر دیاجبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ بھی اسی اراضی کا دعویدار نکل آیا۔ منصوبہ بند ہوتے ہی کمرشل یونٹس خریدنے والے متاثرہ افراد نے اپنی رقوم کی واپسی کا مطالبہ شروع کر دیا۔ذرائع کے مطابق اراضی کے مسائل حل کیے بغیرعجلت میں سنگ بنیاد رکھنااور ناقص منصوبہ بندی اس منصوبے کی ناکامی کی بڑی وجوہات بنیں۔ سی بی ڈی انتظامیہ نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ گرینڈ سوق منصوبے پر اس وقت کوئی کام نہیں ہو رہا۔