شاہدرہ:سیوریج مین ہول کورز کی چوری سے حادثات کاخدشہ

شاہدرہ:سیوریج مین ہول کورز کی چوری سے حادثات کاخدشہ

واسا نے تھانہ شاہدرہ میں نامعلوم ملزموں کیخلاف ایف آئی آر درج کرا دی

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )شاہدرہ کے مختلف علاقوں میں سیوریج مین ہول کورز کی چوری نے نہ صرف آمدورفت متاثر کی بلکہ حادثات اور جانی نقصان کے خدشات بھی بڑھا دیے ۔بیگم کوٹ، بارہ دری روڈ، کامران پارک اور معصوم شاہ روڈ سمیت متعدد گلیوں سے سیوریج مین ہولز کے ڈھکن اور کڑے غائب ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ ڈھکن نہ ہونے کے باعث سڑکوں اور گلیوں میں کھلے گٹر شہریوں کیلئے مستقل خطرہ بنے رہے ۔معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر واسا غفران احمد کی خصوصی ہدایات پر ادارے کے عملے نے فوری طور پر متاثرہ مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی جس میں نامعلوم افراد کو مین ہول کور چوری کرتے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے ۔واسا لاہور نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ تھانہ شاہدرہ میں نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی۔ پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں مین ہول ڈھکن چوری کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے ،ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔

 

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں