پی اے سی ورکنگ پیراز کی تاخیر سے فراہمی پر شدیدبرہم
محکمہ آبپاشی، ماتحت محکموں اور خودمختار اداروں سے متعلق آڈٹ پیراز پر غور
لاہور (سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون کی میٹنگ چیئرپرسن چوھری افتخار حسین چھچھر، ایم پی اے کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں پنجاب اسمبلی اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران محکمہ آبپاشی، اس کے ماتحت محکموں اور خودمختار اداروں سے متعلق آڈٹ پیراز پر غور کیا گیا۔ میٹنگ میں کمیٹی نے ورکنگ پیراز کی تاخیر سے فراہمی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ان دنوں حکومت کی جانب سے توانائی بچت پالیسی کے نفاذ کے باوجود میٹنگ میں غیر ضروری عملے کی موجودگی پر بھی سخت نوٹس لیا۔
کمیٹی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ جن آڈٹ پیراز سے متعلق عدالتی مقدمات کی مؤثر پیروی کی جائے ۔بعض آڈٹ پیراز دیگر محکموں مثلاً محکمہ جنگلات، بورڈ آف ریونیو اور لوکل گورنمنٹ کے عدم تعاون کے باعث زیر التوا ہیں۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ آئندہ میٹنگ میں ان محکموں کو طلب کیا جائے ۔کمیٹی نے محکمہ کو مزید ہدایت کی کہ تمام آڈٹ پیراز کی ریکوری کو یقینی بنانے اور زیر التوا اعتراضات کو بلا تاخیر نمٹانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔