واٹس ایپ ہیک کرکے شہریوں کو لوٹنے والا گینگ پکڑا گیا
ملزم انعامات، ٹیکس ، فیس کے بہانے شہریوں سے رقم وصول کرتے تھے :حکام
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )واٹس ایپ ہیک کرکے شہریوں کو لوٹنے والا گینگ پکڑا گیا ۔ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب علی وسیم کی ہدایت پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کا بڑا کریک ڈاؤن ، واٹس ایپ فراڈ اور موبائل ہیکنگ میں ملوث 15 رکنی منظم گروہ گرفتار کرلیا ۔ ملزم شہریوں سے آن لائن فراڈ میں ملوث تھے ۔گرفتار گروہ واٹس ایپ کے ذریعے خود کو سرکاری افسر ظاہر کرکے شہریوں سے رقوم بٹورتا تھا۔ملزم شہریوں کے موبائل فونز اور واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرکے مزید افراد کو بھی فراڈ میں پھنسانے میں سرگرم تھے ۔کارروائی کے دوران 16 موبائل فونز، جعلی واٹس ایپ اکاؤنٹس اور مشتبہ ڈیجیٹل شواہد برآمد کرلیے گئے ۔ این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم جعلی انعامات اور ٹیکس و فیس کے بہانے شہریوں سے رقم وصول کرتے ۔دیگر سہولت کاروں کی تلاش جاری ہے ، مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ محکمے نے ٹیم کو شاباش اور انعام دینے کا اعلان کردیا۔