مرکزی مسلم لیگ کا پٹرول مہنگا کرنے پرموٹر سائیکل دھکا مارچ
شرکا نے احتجاجاً موٹر سائیکلزسڑک پر پھینک دیں،پٹرولیم قیمتیں کم،ٹیکسز ختم کرنیکامطالبہ
لاہور(سیاسی نمائندہ)پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے زیر اہتمام پٹرولیم قیمتوں میں اضافے ، مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کیخلاف شاہین کمپلیکس تا لاہور پریس کلب ’’موٹر سائیکل دھکا مارچ‘‘ کا انعقاد کیا گیا، شہریوں، تاجروں، طلبہ اور مزدوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے موٹر سائیکلوں کو دھکا لگا کر احتجاج ریکارڈ کروایا اور پریس کلب پہنچ کر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اپنی موٹر سائیکلیں سڑک پر پھینک دیں تاکہ حکومت کو باور کرایا جا سکے کہ مہنگائی نے عوام سے جینے ، سفر کرنے اور روزگار کمانے کا حق بھی چھین لیا ہے ۔مرکزی مسلم لیگ لاہور کے جنرل حمید الحسن گجر، ڈپٹی سیکرٹری جنرل خالد گجر، صدر مسلم یوتھ لیگ تابش قیوم، صدر ملی رکشہ یونین پنجاب رانا شمشاد و دیگر رہنما شریک ہوئے ۔ حمید الحسن گجر نے کہا مہنگائی نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ حکومت نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر معاشی بم گرا دیا ہے ۔تابش قیوم نے کہا عالمی سطح پر معمولی اضافے کے باوجود حکومت نے آئی ایم ایف کی ایما پر پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرکے قوم کے خون پسینے کی کمائی نچوڑ لی۔ یہ اقدام عوام کا معاشی قتل ہے ۔شرکانے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم قیمتوں میں فوری کمی، ظالمانہ ٹیکسز کا خاتمہ اور عوام کو حقیقی ریلیف دیا جائے ۔