پرانا سسٹم ختم،نئی مقامی حکومتوں کی منتقلی شروع

پرانا سسٹم ختم،نئی مقامی حکومتوں کی منتقلی شروع

صوبہ بھر میں ڈسٹرکٹ ٹرانزیشن کمیٹیاں قائم، نوٹیفکیشن فوری نافذ العمل ،3ہفتے میں اثاثوں کی منتقلی کا شیڈول ،4ہفتوں میں قرضے اور ذمہ داریاں منتقل ہونگی بلدیاتی الیکشن تاحال التواکا شکار ،بجٹ اجلاس میں ایک لاکھ سے زائد مقامی نمائندوں کی خودمختاری بارے اعلان متوقع،3400یونین کونسلز ترقیاتی بجٹ سے محروم

لاہور (عمران اکبر )صوبائی حکومت کا بڑا فیصلہ ، پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کا نفاذ ،پرانا سسٹم ختم کر کے نئی لوکل گورنمنٹس کی منتقلی کا عمل شروع، لاہور سمیت صوبہ بھر میں ڈسٹرکٹ ٹرانزیشن کمیٹیاں قائم، محکمہ بلدیات نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔ڈپٹی کمشنر ز کنوینر ، ضلعی ٹرانزیشن کمیٹی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس ،چیف افسر اور لوکل گورنمنٹ افسر شامل، نوٹیفکیشن کے مطابق دو ہفتے میں ملازمین کی تعیناتی کا پلان تیار ہوگا ۔نئی لوکل گورنمنٹس کیلئے SOE بنانے کی ہدایت کر دی گئی ،نوٹیفکیشن فوری نافذ العمل ، تمام ڈپٹی کمشنرز کو عملدرآمد کی ہدایت جاری ،3 ہفتے میں اثاثوں کی منتقلی کا شیڈول،فرنیچر، گاڑیاں، بلڈنگز اور دکانوں کی لسٹ تیار ہوگی ،4 ہفتے میں قرضے اور ذمہ داریاں منتقل ہونگی ۔پرانی لوکل گورنمنٹس کی لائبلٹیز نئی حکومتوں کو ملیں گی،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ فوکل پرسن مقرر جو پورے پنجاب میں منتقلی عمل کی مانیٹرنگ کرینگے پرانی لوکل گورنمنٹس کے تمام ریکارڈ کی انوینٹری بنے گی ۔ سرکاری اثاثے ، فنڈز اور ملازمین کا ڈیٹا جمع ہوگا۔

شہریوں کوسہولیات فراہمی کیلئے ضلعی سطح پر خلل کے بغیر منتقلی کا ہدف دیدیا گیا۔دوسری جانب بلدیاتی خود مختاری کیلئے قانون سازی مکمل تاہم انتخابات تاحال التواکا شکار ہیں۔اکتوبر 2025میں بلدیاتی قانون منظور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق جنوری 2026میں بلدیاتی اداروں کو مالی خودمختاری دینے کیلئے اقدام کرنے کا لالی پاپ دیا گیا موجودہ حکومت کو دو سال گذر گئے لوکل گورنمنٹس کے الیکشن تاحال التوا کا شکار ،بیوروکریسی راج برقرار ہے ۔بجٹ 2026/27 کے اجلاس میں شنید ہے کہ ایک لاکھ سے زائد بلدیاتی نمائندوں کو خودمختاری بارے اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع کاکہناہے کہ صوبے میں بلدیاتی الیکشن کرانے کی تجویز زیر غور ہے لیکن تاحال موجودہ گورنمنٹ کی طرف سے بلدیاتی نمائندوں کو الیکشن بارے کو ئی اشارہ نہیں دیا گیا ۔ذرائع کے مطابق پنجاب کی 220لوکل گورنمنٹس بلدیاتی نمائندوں کے بغیر چل رہی ہیں ۔لاہو سمیت صوبے بھر کی 3ہزار چارسو یونین کونسلز ترقیاتی بجٹ سے محروم ہیں،صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے لوکل گورنمنٹ بل ایک سال سے منظور کیا ہوا ہے جبکہ وزیر بلدیات زیشان رفیق کا کہنا ہے کہ ہر فورم پر یقین دہانی کرائی ہے کہ تیار کردہ ایکٹ کے مطابق الیکشن کرائیں گے ،کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر بلدیاتی الیکشن کیلئے کام جاری رکھا، الیکشن ایکٹ بن چکا ، قائمہ کمیٹی نے متفقہ منظوری دی،محکمہ بلدیات نے حد بندی کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کیا۔ ذیشان رفیق نے ان کیمرہ لوکل گورنمنٹس الیکشن بارے بتایا کہ اس پورے عمل میں الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق کوئی تاخیر نہیں ہوگی ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں