بس ،ویگن اڈوں اور ٹرمینلز پر مسافروں کا غیرمعمولی رش
ٹکٹوں کیلئے مشکلات ،حکومت زائد کرایہ لینے پر کارروائی کرے :مسافر
لاہور (سٹاف رپورٹر ) شہرکے بس سٹیشنز، ویگن اڈوں اور ٹرمینلز پر مسافروں کا غیرمعمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ ٹکٹوں کے حصول کیلئے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بس اڈوں پر تل دھرنے کو جگہ نہیں، ہر طرف اپنے پیاروں سے ملنے کیلئے بے تاب شہریوں کا ہجوم ہے ۔ کوئی ٹکٹ کیلئے قطار میں کھڑا ہے تو کوئی گھنٹوں گاڑی کے انتظار میں پریشان دکھائی دیتا ہے ۔ خواتین، بچوں اور بزرگوں کو رش کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کے قریب آتے ہی بعض ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اضافی کرایہ وصول کیا جا رہا ہے مگر سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت عید کے موقع پر خصوصی ٹرانسپورٹ انتظامات یقینی بنائے اور زائد کرایے وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے تاکہ پردیسی بلا مشکل اپنے گھروں تک پہنچ سکیں۔عید کی خوشیوں نے فاصلے سمیٹ دیے ہیں۔