شدید گرمی کے باعث قربانی کے جانوروں میں امراض پھیلنے لگے
مویشی نزلہ، زکام، بخار، کھانسی، ڈائریا اور دیگر بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں ، رپورٹ
لاہور (این این آئی)شدید گرم موسم قربانی کے جانوروں میں امراض پھیلانے کا باعث بننے لگا ہے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں گرمی اور شہریوں کی لاپرواہی سے قربانی کے جانوروں میں بیماریاں پھیلنے لگی ہیں۔دو ہفتوں کے دوران ساڑھے 3 ہزار جانور بخار، کھانسی، نزلہ اور چچڑ میں مبتلا ہو کر ویٹرنری ہسپتال پہنچے ہیں۔لاہور میں جانوروں کے لیے قائم سرکاری ہسپتال کی ایمرجنسی میں روزانہ ڈھائی سو کے قریب چھوٹے بڑے مویشیوں کو لایا جانے لگا ،یہ مویشی نزلہ، زکام، بخار، کھانسی، ڈائریا اور دیگر بیماریوں کا شکار ہیں۔شہریوں نے بتایا کہ قربانی کے جانور اچانک بیمار پڑ گئے ، اس لیے ہسپتال لانا پڑا۔طبی ماہرین کے مطابق مویشیوں کو دیگر بیمار جانوروں کے ساتھ اور تنگ جگہ پر رکھنے کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چارے کے بجائے روٹیاں، برگر، پیزا اور تربوز وغیرہ کھلانے سے بھی قربانی کے جانور بیمار ہو رہے ہیں۔