پنجاب:کینسر کے مریض بڑھنے سے ہسپتالوں پر بوجھ
میو ،جناح ہسپتال میں آخری سٹیج کے مریضوں کو علاج میں مشکلات کا سامنا
لاہور (بلال چودھری )پنجاب میں کینسر کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے سرکاری ہسپتالوں پر بوجھ بڑھ گیا ۔ میو اور جناح ہسپتال جو کینسر کے علاج کے بڑے مرکز ہیں، وہاں مریضوں کا رش بڑھنے سے آخری سٹیج یعنی سٹیج تھری اور فور کے مریضوں کو بروقت علاج میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ہسپتال ذرائع کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں کینسر کے مریضوں کیلئے خصوصی بیڈز اور علاج کی سہولیات ناکافی ہیں۔ داخلے کیلئے انتظار کی فہرست لمبی ہو گئی ہے اور آخری سٹیج کے مریضوں کی داخلے سے متعلق مشکلات برقرار ہیں۔رپورٹ کے مطابق پنجاب کینسر پروگرام کے تحت ابتک 26ہزار 462مریض رجسٹرڈ کیے جا چکے ہیں جنکے 48ہزار 255 طبی پروسیجرز مکمل کیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ کینسر کے مہنگے علاج اور ادویات فراہمی کیلئے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سپیشل انیشی ایٹو پروگرام کے تحت سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں کینسر کے مریضوں کا علاج جاری ہے ۔سرکاری ہسپتالوں میں آنکولوجی سروسز اور بیڈز کی تعداد بڑھانے پر کام جاری ہے ۔ کینسر پروگرام کیلئے 2ارب 41کروڑ کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں ۔