آئندہ مالی سال کیلئے 25بڑے منصوبوں کا روڈ میپ تیار
سڑکوں کی اپ گریڈیشن، انڈر پاسز ، فلائی اوورز پر88ارب 65 کروڑ خرچ ہونگے
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے دوران بڑے پیمانے پر ترقیاتی سرگرمیوں کے آغاز کا فیصلہ کر لیا ۔ محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس نے 25بڑے منصوبوں پر مشتمل ترقیاتی پروگرام کا روڈ میپ تیار کر لیا جسکے تحت شاہراہوں کی اپ گریڈیشن، انڈر پاسز اور فلائی اوورز کی تعمیر کے علاوہ اہم رابطہ سڑکوں کو دو رویہ بنانے کے منصوبے شامل ہیں۔ 88ارب 65کروڑ روپے سے ان منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا۔ لاہور میں برکی روڈ پر عبد اللہ گل انٹرچینج سے گواندی چیک پوسٹ تک سڑک کو دو رویہ بنانے کیلئے 2 ارب 24 کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔ منصوبے سے مشرقی لاہور اور ملحقہ آبادیوں کیلئے آمدورفت میں آسانی ہوگی۔6ارب 94کروڑسے شیخوپورہ تا فاروق آباد روڈ کو دو رویہ بنایا جائیگا ۔جنوبی اور وسطی پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی بڑے منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ اوکاڑہ تا دیپالپور 24 اعشاریہ 2 کلومیٹر سڑک کو دو رویہ کرنے کیلئے 12ارب 29کروڑجبکہ مظفر گڑھ تا علی پور 22اعشاریہ 84کلومیٹر سنگل شاہراہ کو دو رویہ بنانے کیلئے 9 ارب 48 کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔