قصور:ٹریفک حادثات، خاتون سمیت 3افراد جاں بحق
ٹرالر کی ٹکر سے عارف،ٹرالی الٹنے سے شریف، ڈمپر تلے آکر رانی چل بسی
قصور (خبرنگار )قصور اور گردونواح میں مختلف ٹریفک حادثات کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ میاں بیوی شدید زخمی ہوئے ۔ تھانہ راجہ جنگ کے علاقے پٹرول پمپ نہر کے پل کے قریب رائیونڈ کے رہائشی موٹرسائیکل سوار عارف بلاکو تیز رفتار 10 ویلر ٹرالر نے کچل دیا، جس سے عارف موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس نے ٹرالرکو قبضے میں لے لیا جبکہ ڈرائیور فرار ہو گیا۔ادھر پتوکی سے رائیونڈ جانے والا لوڈڈ ٹریکٹر ٹرالی تھانہ کوٹ رادھا کشن کے علاقے اٹاری اجیت سنگھ کے قریب بے قابو ہو کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور شریف ولد شہادت علی شدید زخمی ہوا اور ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ تھانہ صدر پھولنگر کے علاقہ اولکھ موڑ کے قریب تیز رفتار ڈمپرٹرک نے موٹر سائیکل کو عقب سے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار رانی بی بی جاں بحق ہو گئی جبکہ اس کا خاوند زخمی ہو گیا۔ تھانہ چھانگا مانگا کے علاقے واں آدھن پھاٹک کے قریب پتوکی روڈ پر اینٹوں سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالے ا اور تیز رفتارکار میں تصادم سے کار سوار فیصل آباد کا رہائشی مصطفی اور اس کی بیوی یاسمین شدید زخمی ہو گئے ۔