43سمارٹ سیف سٹی سنٹرز سے محرم سکیورٹی کی مانیٹرنگ
زائرین کی آمدورفت اور حساس مقامات پر جدید ڈیجیٹل نگرانی کا نظام فعال
لاہور(کرائم رپورٹر)9محرم الحرام اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے 983ویں سالانہ غسلِ مبارک کی تقریبات کے موقع پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے صوبہ بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے تمام آپریشنل مراکز کو ہائی الرٹ کر دیا ہے ،ترجمان سیف سٹی کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے 43 سمارٹ سیف سٹی سنٹرز سے 9 محرم الحرام کے سکیورٹی آپریشنز کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔ داتا دربار کے داخلی و خارجی راستوں، زائرین کی آمدورفت اور حساس مقامات پر جدید ڈیجیٹل نگرانی کا نظام فعال ہے ،سیف سٹی کنٹرول روم سے پانڈو سٹریٹ، شادمان اور دیگر مرکزی جلوسوں کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ جاری ہے جبکہ اے کیٹیگری جلوسوں کے روٹس، فلیش پوائنٹس، ہیڈ اور ٹیل پوزیشنز پر جدید ڈیجیٹل سسٹمز کے ذریعے کڑی نظر رکھی جا رہی ہے ۔ فیلڈ میں تعینات پولیس افسران کو ہینڈسیٹس کے ذریعے سیف سٹی کیمروں کی لائیو فیڈ اور سکیورٹی الرٹس فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ کیو آر پینک بٹن سسٹم کے ذریعے امام بارگاہوں کی انتظامیہ کا سیف سٹی کنٹرول روم سے فوری رابطہ ممکن بنایا گیا ہے ۔سیف سٹی حکام کا کہنا ہے کہ نو محرم الحرام کے دوران تمام سمارٹ سیف سٹی آپریشن سنٹرز مکمل طور پر فعال اور ہائی الرٹ پر کام کر رہے ہیں عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔