پیکٹا بورڈ کی منیجنگ ڈائریکٹرز کی تنخواہیں جاری کرنیکی منظوری
تنخواہوں پر اٹھائے گئے اعتراضات کے باعث انہیں اب تک کوئی ادائیگی نہیں ہو سکی
لاہور(خبر نگار)پنجاب ایجوکیشن کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) کے منیجنگ ڈائریکٹرز کی تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ بالآخر حل ہو گیا۔ پیکٹا بورڈ نے تینوں منیجنگ ڈائریکٹرز کو تنخواہیں جاری کرنے کی منظوری دے دی، جس کے بعد آٹھ ماہ سے رکی ہوئی ادائیگیوں کی راہ ہموار ہو گئی۔ذرائع کے مطابق پیکٹا میں تعینات تین منیجنگ ڈائریکٹرز کی ماہانہ تنخواہ 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی، تاہم تقرری کے بعد تنخواہوں پر اٹھائے گئے اعتراضات کے باعث انہیں اب تک کوئی ادائیگی نہیں ہو سکی تھی۔تنخواہوں کے معاملے پر اعتراضات سامنے آنے کے بعد کیس صوبائی الیکشن بورڈ کو بھجوایا گیا، جہاں قانونی اور انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد سفارشات پنجاب کابینہ کو ارسال کی گئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کابینہ نے صوبائی الیکشن بورڈ کی سفارشات کی منظوری دے دی، جس کے بعد پیکٹا بورڈ نے بھی منیجنگ ڈائریکٹرز کی تنخواہیں جاری کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے ۔منظوری کے بعد اب تینوں منیجنگ ڈائریکٹرز کو گزشتہ آٹھ ماہ کی بقایا تنخواہوں سمیت ادائیگی کا عمل شروع ہونے کا امکان ہے ، جس سے طویل عرصے سے زیر التوا معاملہ حل ہونے کی توقع ہے ۔