وزیرریلوے کا سٹیشن کا دورہ، ناقص انتظامات پر سخت برہم

وزیرریلوے کا سٹیشن کا دورہ، ناقص انتظامات پر سخت برہم

سٹیشن پر مہنگے داموں اشیائے خورونوش کی فروخت پر بھی ڈی سی او کی سرزنش مسافروں سے زائد قیمتیں وصول کرنے پر کارروائی کی جائے ،حنیف عباسی

لاہور(آئی این پی )وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے لاہور ریلوے سٹیشن کا اچانک دورہ کیا اور مسافروں کے لئے ناقص سہولیات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے فوری جواب طلب کیا۔وزیر ریلویز نے لاہور ریلوے سٹیشن پر مسافروں کے لئے قائم ائیرکنڈیشنڈ لانج بند ہونے پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسر سے کہا، ڈی این اے صاحب بتائیں، آپ نے جھوٹ بولا کہ اے سی خراب ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ شدید گرمی میں مسافروں کو باہر بیٹھنے پر کیوں مجبور کیا گیا اور فوری طور پر لانج فعال کرنے کی ہدایت کی۔حنیف عباسی نے سٹیشن پر مہنگے داموں اشیائے خورونوش کی فروخت پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی سی او کی سرزنش کی۔ انہوں نے کہاکہ ڈی سی او صاحب، کیا چیزیں چیک کرنے کے لئے مجھے ہی آنا پڑے گا؟ اور ہدایت کی کہ مسافروں سے زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔ دورے کے دوران وفاقی وزیر نے لاہور۔کراچی واشنگ لائن کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 60 روز میں اپ گریڈ مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے پاکستان ریلویز کے سی ای او کو واضح ہدایات جاری کیں کہ واشنگ لائن میں پٹس، سٹاف اور دیگر تمام سہولیات کو مقررہ مدت میں بہتر بنایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں