میرا ہدف وہ جو بچوں کے مستقبل سے خیانت کر رہے :وزیرتعلیم
جو اساتذہ نقل مافیا کا حصہ بنیں، سالہا سال سکول نہ آئیں، میں انکا دفاع کیسے کروں؟
لاہور (خبر نگار)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں نے جس تناظر میں بات کی، میرے پاس اس کے شواہد موجود ہیں۔ جو کہا اس پر قائم ہوں، کسی کو ضرورت ہو تو مخاطب اساتذہ کے نام بھی پیش کر سکتا ہوں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ میں نے جنہیں متوجہ کیا وہ میری بات سمجھ چکے ہیں۔ میری گفتگو سے مرضی کا حصہ نکال کر وائرل کرنا ان کی بدنیتی واضح کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میری تنقید تمام اساتذہ پر نہیں، بلکہ صرف بدعنوان عناصر پر ہے ۔ میرا ہدف وہ ہیں جو بچوں کے مستقبل اور ریاست کے ساتھ خیانت کر رہے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ میرے مخاطب بدعنوانی، نقل، غیر حاضری اور دیگر بے ضابطگیوں میں ملوث عناصر ہیں۔ میری گفتگو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کرنے سے ایسے عناصر خود کو چھپا نہیں سکتے ۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ سرکاری نظام، طلبہ کے مستقبل اور عوام کے اعتماد کو نقصان پہنچانا ناقابل معافی ہے ۔ جو اساتذہ نقل مافیا کا حصہ بنیں، سالہا سال سکول نہ آئیں، میں ان کا دفاع کیسے کروں؟۔