سرکاری سکولوں کی زمینوں اور دیگر اثاثوں کا مکمل ریکارڈ طلب

 سرکاری سکولوں کی زمینوں اور دیگر اثاثوں کا مکمل ریکارڈ طلب

تمام معلومات ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد دو روز کے اندر بھجوائی جائیں :مراسلہ

لاہور(خبر نگار)سرکاری سکولوں کی زمین پر قبضے شکایات کے کیسز میں اضافے کو دیکھتے ہوئے محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری سکولوں کی زمینوں اور دیگر اثاثوں کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے ۔ تمام اضلاع کے سی ای اوز کو سکولوں کی اراضی، قبضوں، تجاوزات اور قانونی تنازعات کی تفصیلات دو روز میں فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن سیکنڈری ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے میں تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز سے سکولوں کی زمینوں اور اثاثوں کا جامع ریکارڈ طلب کیا گیا ہے ۔رپورٹ میں سکولوں کی زمین کی ملکیت، رقبہ، موجودہ استعمال، قبضے یا تجاوزات، زیر التوا مقدمات اور سرکاری اراضی کے تحفظ یا واگزاری کے لیے کیے گئے اقدامات کی مکمل تفصیلات شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔محکمہ نے واضح کیا ہے کہ تمام معلومات ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد مقررہ پروفارما پر دو روز کے اندر بھجوائی جائیں تاکہ صوبائی سطح پر سکولوں کی زمینوں اور اثاثوں کا مستند ڈیٹا مرتب کیا جا سکے ۔مراسلے میں اس معاملے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے تمام اضلاع کو بروقت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں