شیخوپورہ بھی نئی مقامی حکومتی تشکیل ،حدود تعین میں شامل
نئی حد بندیوں کے بعد شہری و دیہی انتظامی تقسیم، یوسیز کی تشکیل پر بھی اثرات ہونگے
شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر) پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت صوبہ بھر کے شہری و دیہی علاقوں کی نئی حد بندی، درجہ بندی اور ناموں کے تعین کا عمل جاری ہے، جس کے تحت شیخوپورہ ضلع بھی نئی مقامی حکومتوں کی تشکیل اور حدود کے تعین کے عمل میں شامل ہے ۔ محکمہ بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب کی جانب سے جاری سرکاری ریکارڈ میں شیخوپورہ کو ان اضلاع میں شامل کیا گیا ہے جن کیلئے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت نئی حد بندیوں کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں۔
پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت حکومت کو اضلاع کے علاقوں کو شہری اور دیہی حصوں میں تقسیم کرنے، مقامی علاقوں کی حدود متعین کرنے، ان کی درجہ بندی اور نام مقرر کرنے کا اختیار دیا گیا ہے ، جبکہ ہر مقامی حکومت کا علاقہ متعلقہ لوکل گورنمنٹ کی انتظامی حدود تشکیل دے گا۔ ایکٹ کے مطابق شہری علاقوں کی آبادی کے لحاظ سے ٹاؤن کارپوریشن، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹی جبکہ دیہی علاقوں کیلئے تحصیل کونسل تشکیل دی جا سکتی ہے ۔ نئی حد بندیوں کے عمل کے بعد شیخوپورہ میں شہری و دیہی علاقوں کی انتظامی تقسیم، مقامی حکومتوں کے دائرہ اختیار اور مستقبل میں یونین کونسلوں کی تشکیل پر بھی اثرات مرتب ہوں گے ۔ شیخوپورہ کے شہریوں اور مقامی سیاسی و سماجی حلقوں میں نئی حد بندیوں کے نتیجے میں مقامی حکومتوں کے ممکنہ ڈھانچے اور اختیارات کے حوالے سے بھی خاصی دلچسپی پائی جا رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments