نجمہ قتل کیس:مبینہ پولیس غفلت ،تفتیش میں لاپروائی کا الزام
پوسٹمارٹم رپورٹ کاانتظار ،الزامات بے بنیاد ہیں:تفتیشی افسر، حکام نوٹس لیں:ورثا
تلونڈی(نامہ نگار)نجمہ قتل کیس، پولیس کی مبینہ غفلت اور تفتیش میں لاپروائی کا الزام، اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔پولیس نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مدعی مقدمہ نے کسی ملزم کونامزد نہیں کیا، پوسٹمارٹم رپورٹ کا انتظار ہے ، سی ڈی آر کی مدد سے تفتیش جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ الہ آباد کی حدود میں نجمہ بی بی کے مبینہ اغوااور قتل کے مقدمہ میں پولیس کی مبینہ غفلت اور تفتیش میں تاخیر کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ ورثاء کے مطابق اعلیٰ پولیس افسران کی مداخلت کے بعد مقدمہ تو درج کیا گیا، تاہم تفتیشی افسر کی جانب سے مشکوک ملزمان کی گرفتاری نہ کیے جانے پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
مدعی مقدمہ نے الزام عائد کیا ہے کہ تفتیشی افسر نے مبینہ مرکزی مشکوک ملزم بشارت کو گرفتار کرنے کے بجائے ریڈ سے قبل اطلاع دی، جس کے نتیجے میں ملزم مبینہ طور پر موبائل فون بند کرکے فرار ہوگیا۔ لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور ڈی پی او قصور سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کا نوٹس لے کر مقدمہ کی میرٹ پر تفتیش، تمام مشکوک ملزمان کی گرفتاری اور مبینہ پولیس غفلت کی بھی انکوائری کرائی جائے ۔تفتیشی مقدمہ نے الزامات کی تردیدکرتے ہوئے کہا کہ مدعی مقدمہ نے کسی ملزم کو نامزد نہیں کیا، پوسٹمارٹم رپورٹ کاانتظار ہے ،سی ڈی آر ڈیٹا بیس پر پولیس کاورک جاری ہے ،الزامات بے بنیاد ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments