اشرافیہ ، افسروں کیلئے چناب کلب کی تعمیرپر تحریک التواجمع
کلب مراعات یافتہ طبقے کیلئے عیش گاہ قرار،قیام کیلئے قیمتی زرعی اراضی استعمال کرنیکاالزام
لاہور (حمزہ خورشید سے)بیوروکریسی اور ارکان اسمبلی کے درمیان کشیدگی جاری، فیصل آباد میں اشرافیہ اور افسروں کیلئے چناب کلب کی تعمیر معاملے پر حکومتی رکن صوبائی اسمبلی امجد جاوید نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی جس میں کلب کو مراعات یافتہ طبقے کیلئے عیش گاہ قرار دیتے ہوئے اسکی تعمیر، ممبرشپ فیس اور اراضی استعمال پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔تحریک کے متن کے مطابق فیصل آباد ایکسپریس وے پر چناب کلب کی تعمیر شروع کی گئی ہے ، جسکی ابتدائی ممبرشپ فیس 40 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے ، اگلے سال یہ بڑھ کر 70 لاکھ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔
ملک پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار ہے ، تحریک میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ چناب کلب کے قیام کیلئے مبینہ طور پر قیمتی زرعی اراضی استعمال کی جا رہی ہے جس میں وہ زرخیز زمین بھی شامل ہے جو صنعتی سٹیٹ کے قیام اور صنعتی ترقی و روزگار فراہمی کے مقصد سے مقامی کسانوں سے انتہائی کم قیمت پر لی گئی ۔ کلب کے قیام کے پیچھے بعض بڑے نام اور خفیہ کردار ہونے کی باتیں بھی زبان زد عام ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ کلب کے ذریعے بڑے ڈویلپرز، انویسٹرز اور پراپرٹی ٹائیکونز کے تعمیراتی ورہائشی منصوبوں کی قیمتیں بڑھاکرانہیں اربوں روپے کا فائدہ پہنچانا مقصود ہے۔ کلب کی تعمیر پر اراضی متاثرین اور اہل علاقہ میں شدید غصہ پایا جاتا ہے ۔ رکن اسمبلی نے معاملے پر فوری بحث کی اجازت دینے کامطالبہ کیاہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments