چھوٹے واسا افسر بڑے گھروں پر قابض، الاٹمنٹ بدلنے کا فیصلہ
نیانظام وضع،چھوٹے افسرو ں سے سرکاری گھر واپس لیکر قواعد کیمطابق الاٹ کئے جائینگے
لاہور(شیخ زین العابدین )واسا لاہور میں سرکاری رہائشگاہوں کی الاٹمنٹ کا نظام تبدیل کرنے کی تیاری ، چھوٹے افسر بڑے سرکاری گھروں پر قابض نکلے ۔گریڈ 17 اور 18 کے افسروں کے زیر استعمال 2 سے 8کنال تک کے گھروں کا ریکارڈ طلب ، عہدے اور گریڈ سے بڑے گھر استعمال کرنیوالوں سے گھر واپس لینے کا فیصلہ کرلیاگیا۔ ذرائع کے مطابق سرکاری گھروں کی تقسیم میں مبینہ بے ضابطگیوں کا جائزہ لینے کیلئے انکوائری شروع کر دی گئی۔ واسا کے گریڈ 17 اور 18 کے متعدد افسر ایسے بڑے گھروں میں رہائش پذیر ہیں جو انکے عہدے اور گریڈ کے مطابق نہیں، ایس ڈی اوز اور ایکسینز کے زیر استعمال سرکاری رہائشگاہوں کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا۔
بعض چھوٹے افسر 2 سے 8کنال تک کے گھروں میں مقیم ہیں ،دوسری جانب متعدد ڈائریکٹرز تاحال سرکاری گھروں سے محروم ہیں۔صورتحال پرالاٹمنٹ قواعد و ضوابط کے مطابق کرنے کا فیصلہ،ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری رہائشگاہوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی بنائی جائیگی۔ وائس چیئرمین واسا کنوینئر جبکہ ڈائریکٹر ایڈمن، سٹیٹ آفیسر اور دیگر متعلقہ افسر اسکا حصہ ہونگے ۔کمیٹی کو دو روز کے اندر تمام سرکاری گھروں، الاٹمنٹ اور موجودہ مکینوں کا مکمل ریکارڈ جمع کرنے کا ٹاسک دیا جائیگاجسکے بعد نیا نظام وضع کرکے گریڈ اور عہدے سے مطابقت نہ رکھنے والے افسرو ں سے بڑے گھر واپس لیکر الاٹمنٹ میں ردوبدل کیا جائیگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments