فلم پروڈیوسرز کی انڈسٹری کی بحالی پرسپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات
لاہور(سیاسی نمائندہ)پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے ایک اعلیٰ سطح وفد نے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان سے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں فلمی صنعت کی بحالی، فلم سٹی کے قیام، فنکاروں کی فلاح و بہبود اور فلم انڈسٹری سے متعلق قانون سازی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں امجد فرزند نے کی۔وفد میں معروف اداکار شان شاہد، فلم ساز سید نور، چودھری ذوالفقار، احمد افتخار اور رانا نعیم شامل تھے ۔سپیکر پنجاب نے وفد کو پنجاب اسمبلی کی کارروائی کا مشاہدہ کرنے کی دعوت دی اور صوبے میں قانون سازی کے عمل اور فلم و ثقافت کے شعبوں سے متعلق حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔سپیکر نے کہا کہ حکومت پنجاب فن و ثقافت کے فروغ، فنکاروں کی معاونت اور فلمی صنعت کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔ فلم سٹی کا قیام اسی سلسلے کی ایک اہم تجویز ہے ، جبکہ فلم پروڈیوسرز کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے فروغ اور فلمی صنعت کی بحالی میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہیں۔ملاقات میں فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے حکومت، قانون ساز اداروں اور فلمی شعبے سے وابستہ افراد کے درمیان ادارہ جاتی رابطے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments