این سی پی کا 100 ارب کے صکوک پروگرام کا منصوبہ
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ، بجلی ترسیل کے قومی نظام کی توسیع اور جدید کاری کیلئے شرعی اصولوں کے مطابق صکوک پروگرام کے ذریعے 100 ارب روپے تک فنڈز حاصل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔
اس اقدام کے تحت نیشنل گرڈ پاکستان نے مجوزہ صکوک کے اجرا کی ساخت مرتب کرنے اور اس کے انتظامات کے لیے لیڈ منیجرز کی تقرری کی غرض سے اشتہار (RFP)جاری کر دیا ہے ۔ یہ منصوبہ بجلی ترسیل کے اہم منصوبوں کے لیے طویل مدتی مالی وسائل کے حصول، گرڈ کے نظام کی قابلِ اعتماد کارکردگی کو بہتر بنانے اور ملک میں بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے نیشنل گرڈ کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے ۔مجوزہ پروگرام کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ نیشنل گرڈ حکومتِ پاکستان کی ضمانت پر انحصار کیے بغیر اپنی مالی حیثیت اور استعداد کی بنیاد پر سرمایہ حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ یہ اقدام سرکاری شعبے کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے مالی خودمختاری اور مارکیٹ پر مبنی مالی وسائل تک رسائی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے ۔ پاکستانی روپے میں فنڈز حاصل کرنے کے ذریعے نیشنل گرڈ کا مقصد غیر ملکی کرنسی میں قرض لینے سے وابستہ خطرات کو بھی کم کرنا ہے کیونکہ کمپنی کی آمدنی کا بڑا حصہ مقامی کرنسی میں حاصل ہوتا ہے ۔صکوک پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 100 ارب روپے تک فنڈز حاصل کیے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments