ملتان: عیدالاضحیٰ پر 15 ہزار ٹن آلائشیں اٹھانے کا ہدف، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کنٹرول روم فعال

ملتان: عیدالاضحیٰ پر 15 ہزار ٹن آلائشیں اٹھانے کا ہدف، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کنٹرول روم فعال

مشینری کرائے پر حاصل کرلی گئی ،بہترین مانیٹرنگ اور کنٹرول کیلئے شہر 14سیکٹرز میں تقسیم ،میونسپل ورکرزیونین کا انتظامیہ کا بھر پور ساتھ دینے کااعلان ،کمپنی کے فلیٹ مارچ کا انعقا د

ملتان(خبرنگارخصوصی)ایم ڈی ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے سلسلے میں منظم آپریشنل پلان تیار کیا گیا ہے ، رینٹل مشینری حاصل کر لی گئی ہے اور تمام ضروری اشیا کی پروکیورمنٹ مکمل ہے ۔ انہوں نے میڈیا کو عیدپلان کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس عید پرگزشتہ سال کے مقابلے میں صفائی کے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں، عیدالاضحیٰ کے تینوں ایام میں شہر سے 15 ہزار ٹن آلائشیں اٹھانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے ،رینٹل مشینری کو ویسٹ،کچرا اور ملبہ اٹھانے کے لئے بھی استعمال کئے جائے گا۔فخرالاسلام ڈوگر نے بتایا کہ بہترین مانیٹرنگ اور کنٹرول کے لئے شہر کو 14 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے اور عید صفائی آپریشن روزانہ آخری آلائش تلف کرنے تک جاری رہے گا،کمپنی کا کنٹرول روم فعال کردیا گیا ہے ،شہری صفائی کے بارے میں 1139 پر بھی کال کر کے شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ماحول کو خوشگوار اور آلودگی سے پاک رکھنے کے لئے عرق گلاب ، فینائل اور لائم کے انتظامات کئے گئے ہیں۔منیجنگ ڈائریکٹر نے شہریوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ شہری قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو پلاسٹک بیگ میں ڈال کر کمپنی ورکرز کے حوالے کریں ۔شہر اولیا ہم سب کا سانجھا ہے ،ہم نے مل کر اس کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانا ہے ۔انہوں نے شہر کی صفائی ستھرائی کے حوالے سے کمپنی انتظامیہ اور ورکرز کی کاوشوں کو عوام تک پہچانے پر میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔علاوہ ازیں ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے کمپنی کی گاڑیوں پر مشتمل فلیٹ مارچ ہوا،ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے ڈمپر میں بیٹھ کر فلیٹ مارچ کی قیادت کی فلیٹ مارچ گھنٹہ گھر،ڈیرہ اڈا،وہاڑی چوک اور چوک کمہارانوالہ کے راستے چونگی نمبر9 پہنچ کر اختتام پذیر ہوا ۔ دوسری طرف میونسپل ایمپلائز ورکرز ویلفئیر یونین نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ ورکرز کے مسائل کے حل کے لئے انکے آفس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں