تھانہ ٹھینگی کی حدود میں منشیات کا دھندہ ،پولیس اہلکار سرپرست

تھانہ ٹھینگی کی حدود میں منشیات کا دھندہ ،پولیس اہلکار سرپرست

عرصہ دراز سے تعینات ہرنئے ایس ایچ او کی منشیات فروشوں سے ڈیل کرواتے ہیں کئی اہلکار منشیات فروشوں کے مخبر،اعلیٰ حکام نوٹس لے کر کارروائی کریں :شہریوں کی اپیل

وہاڑی(نمائندہ خصوصی )تھانہ ٹھینگی حدود میں منشیات فروشی کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا ،ٹھینگی پولیس کے افسر اور اہلکار مبینہ طور پر نذرانہ لے کر خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگے ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ ٹھینگی کے متعدد چکوک میں منشیات فروشی کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا ہے ،ذرائع کے مطابق ٹھینگی تھانے میں عرصہ دراز سے تعینات پولیس افسر اور اہلکار اپنا اپنا حصہ وصول کر کے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ کئی اہلکار منشیات فروشوں کی مکمل پشت پناہی بھی کر رہے ہیں۔عرصہ دراز سے تعینات افسر اور اہلکار ہر آنے والے نئے ایس ایچ او سے منشیات فروشوں کی ڈیل کروا دیتے ہیں،اگر کوئی ایس ایچ او ڈیل نہ کرے تو یہی پولیس افسر اور اہلکار منشیات فروشوں کے مخبر کا کردار ادا کرتے ہیں۔وہاڑی کے متعدد تھانے گزشتہ ایک ماہ میں متعدد منشیات فروشوں کو پکڑ کر جیل بھجوا چکے ہیں جبکہ ٹھینگی پولیس تاحال ایک بھی کارروائی نہیں کر سکی ۔علاقہ مکینوں عمران، ابرار، شفقت،جبار،علی، غفور اوردیگرنے بتایا کہ اگر ڈی پی او وہاڑی اور آر پی او ملتان عرصہ دراز سے تعینات افسروں اور اہلکاروں کے موبائل کے سی ڈی آر لیں تو سارے حقائق سامنے آ جائیں گے ،اعلیٰ حکام نوٹس لے کر کارروائی کریں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں