ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت مظفر گڑھ کی کرپشن عروج پر

 ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت مظفر گڑھ کی کرپشن عروج پر

شوکت عابد نے زرعی آلات،سیڈ گریڈرز کی آڑ میں لاکھوں روپے ہڑپ لئے

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)محکمہ زراعت توسیع میں کرپشن عروج پر،کوئی پرسان حال نہیں،وسیع پیمانے پر فنڈز میں خورد بردہو رہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق مظفرگڑھ میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر شوکت علی عابد نے کرپشن کی انتہا کردی۔ ذرائع کے مطابق حال ہی میں ملنے والی 40 لاکھ کی گرانٹ کو ٹھکانے لگا دیا۔ زرعی آلات،سیڈ گریڈرز اور ربیع ڈرل وغیرہ کی مرمت کی آڑ میں خزانے سے لاکھوں روپے نکلوا کر ہڑپ کر لئے ۔اپنی سرکاری رہائش گاہ پر بھی شاہانہ انداز میں 15 لاکھ سے زائد رقم خرچ کرکے خزانے کو لاکھوں کا ٹیکہ لگا دیا۔ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے پبلسٹی اور تشہیری مہم کی مد میں ملنے والی گرانٹ بھی کاغذی طور پر مکمل کر کے ساری رقم خورد برد کر لی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ افسر مذکور نے اپنے وسیع تعلقات استعمال کرتے ہوئے مزید 80 لاکھ کی گرانٹ بھی منگوا لی ہے ۔سول سوسائٹی اور کاشتکاروں نے افسر مذکور کی کرپشن کی تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں