دکانوں سے چینی غائب، شکر کی ڈیمانڈ میں اضافہ

دکانوں سے چینی غائب، شکر کی ڈیمانڈ میں اضافہ

انتظامیہ 90 روپے فی کلو چینی فروخت کرنے کو کہتی ہے ،غلہ منڈی میں پاکستانی چینی کی قیمت 11 ہزار روپے فی 100 کلو تک پہنچ گئی مہنگی چینی خرید کر سستی فروخت نہیں کر سکتے ،نقصان سے بچنے کیلئے دکانوں پر چینی رکھناہی چھوڑ دی :دکاندار،شہری چینی ڈھونڈنے کیلئے خوار

ملتان( نیوز رپورٹر)ملتان شہر کے کریانہ سٹورز سے چینی غائب ہو گئی ، جس کے بعد شکر کی خرید میں اضافہ ہوا ہے ، دکاندروں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ 90 روپے فی کلو میں چینی فروخت کرنے کو کہتی ہے جبکہ غلہ منڈی میں پاکستانی چینی کی قیمت 11 ہزار روپے فی 100 کلو تک پہنچ گئی ہے ، مہنگی چینی خرید کر سستی فروخت نہیں کر سکتے ، شہری امپورٹڈ چینی خریدتے ہی نہیں ، اسی لئے دکانوں میں چینی رکھنا ہی بند کر دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ملتان میں شہری چینی کی تلاش میں خوار ہو کر رہ گئے ہیں ، دکانداروں نے چینی رکھنا ہی چھوڑ دی ہے ، جس پر شہری ایک دکان سے دوسری اور پھر تیسری کے چکر کاٹنے پر مجبور ہو چکے ہیں ، اسی طرح شہری چینی نا ملنے پر گھروں کو مجبورا شکر لے کر جا رہے ہیں اورشکرکی ڈیمانڈ میں مزید اضافہ ہورہاہے ۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ پاکستانی چینی کی فی کلو بوری کی قیمت 11 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے ، غلہ منڈی سے امپورٹڈ چینی کی بوری 8800 روپے میں تو ملتی ہے لیکن شہری اسے خریدنا پسند نہیں کرتے جبکہ انتظامیہ نے دکانوں پر چینی کی فروخت کے نرخ 90 روپے فی کلو مقرر کر رکھے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ وہ مہنگی چینی خرید کر سستی فروخت نہیں کر سکتے جس پر مجبورا انہوں نے دکانوں پر چینی رکھنا ہی چھوڑ دی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں