واسا ، ڈیلی ویجز ملازمین کی احتجاجی تحریک کا آغاز
ملتان (وقائع نگار خصوصی) محکمہ واسا کے ڈیلی ویجز ملازمین نے مطالبات منوانے کے لئے احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیا ہے۔
گزشتہ روز ڈیلی ویجز ملازمین نے احتجاج کیا اور کم سے کم اجرت 32 ہزار پر عملدرآمد کروانے سمیت مستقلی کا مطالبہ کیا - ملازمین نے اگلے مرحلے میں خود کو علامتی پھانسیاں دینے کا بھی اعلان کر دیا ، تفصیلات کے مطابق محکمہ واسا کے درجنوں ڈیلی ویجز ملازمین گزشتہ 6 سال سے مستقلی کے منتظر ہیں جبکہ کم سے کم اجرت 32 ہزار مقرر ہونے کے باوجود بڑھی ہوئی اجرت سے محروم ہیں۔ جس پر ڈیلی ویجز ملازمین نے یونین رہنما منیر ہانس کی سربراہی میں احتجاجی مظاہرہ کیا ، اس موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے - جن پر ان کے مطالبات کے حوالے سے تحریریں درج تھیں ، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے منیر ہانس ، محمد کلیم بٹ اور کامران نذیر سمیت دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی سالوں سے واسا میں کام کر رہے ہیں مگر انہیں مستقل نہیں کیا جا رہا صوبائی حکومت نے بھی کم سے کم اجرت 32 ہزار روپے کرنے کا نوٹیفکیشن کر دیا ہے تاہم واسا کے ڈیلی ویجز ملازمین کم سے کم اجرت 32 ہزار روپے سے محروم ہیں ، حکام بالا نہ صرف مستقل کریں بلکہ کم سے کم اجرت کے قانون پر بھی عملدرآمد کو یقینی بنائیں - مظاہرین نے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں اگلے مرحلے میں خود کو علامتی پھانسیاں دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔