جنوبی پنجاب:سیکرٹریٹ نئی بلڈنگ میں منتقل کرنے کی تیاریاں

جنوبی پنجاب:سیکرٹریٹ نئی بلڈنگ میں منتقل کرنے کی تیاریاں

ملتان (وقائع نگار خصوصی،لیڈی رپورٹر) سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کی زیر تعمیر بلڈنگ میں منتقل کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ۔۔

اور سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب انجینئر امجد شعیب خان ترین نے نئی بلڈنگ میں منتقل کرنے کا گرین سگنل دے دیا ہے ۔ اس سلسلے میں ان کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں میں ڈپٹی سیکرٹری عبدالصبور ٹھاکر، سیکشن آفیسر ریاض خان،ایکسین میپکو فرقان زکریا اورڈائریکٹر پی ایچ اے عدنان بٹ نے شرکت کی جبکہ آئی ڈیپ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر وقار حلیم ویڈیو لنک کے ذریعے لاہور سے اجلاس میں شریک ہوئے ، سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب انجینئرامجد شعیب خان ترین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب جلد جی او آر منتقل ہوجائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے آفس کو شفٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی آئی ڈیپ اے سی ایس آفس بلاک کی تزئین و آرائش کا کام دو ہفتوں کے اندر مکمل کرے اور پی ایچ اے سول سیکرٹریٹ کی لینڈ سکیپنگ کا کام اسی ہفتے شروع کرے ۔ انجینئرنگ امجد شعیب خان ترین نے کہا کہ دفاتر میں پہلے سے زیر استعمال فرنیچر کو مدنظر رکھتے ہوئے فرنیچر کی خریداری کے لئے تعداد کا تعین کیا جائے ۔ سیکرٹری سروسز نے ہدایت کی آئی ڈیپ سول سیکرٹریٹ کے مختلف بلاکس کی حوالگی بارے ٹائم لائن فراہم کرے تاکہ جنوبی پنجاب کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کے دفاتر کی شفٹ بارے مربوط لائحہ عمل تیار کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب دفاتر کی سیکرٹریٹ میں جلد منتقلی کے خواہاں ہیں اس لئے سول سیکرٹریٹ کی تعمیر میں مزید تاخیر نہ کی جائے ۔ اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جی او آر مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ سیکرٹریٹ بلڈنگ کی تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آفس فرنیچر کے لئے ورک آرڈر جاری کردیا گیا ہے اور اس کی ترسیل جلد شروع کر دی جائے گی۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مارکیٹ میں سولر پینل کی قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے سولر سسٹم کا تخمینہ دوبارہ تیار کیاجارہا ہے ۔قبل ازیں سیکرٹری سروسز نے سیکرٹریٹ سائٹ کا بھی دورہ کیا اور منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں