بھٹہ مزدور بچوں میں کتابیں ،سکول بیگز تقسیم

بھٹہ مزدور بچوں میں کتابیں ،سکول بیگز تقسیم

ملتان(خبرنگارخصوصی)وائس آف وائس لیس تنظیم نے ملتان میں اینٹوں کے بھٹے پر بانڈڈ لیبرز اور جبری مشقت کے طور پر کام کرنے والے بچوں کو کتابیں، نوٹ بکس، سکول بیگ اور سٹیشنری فراہم کر دیں۔

ایک طالب علم کو ٹول کٹ بھی دی گئی جو اسی بھٹے پر الیکٹریکل میں اپنا ڈپلومہ مکمل کر رہا تھا جس نے تنظیم کے تعاون سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ لیبر بانڈڈ جبری مشقت کا شکار مزدوروں کے ساتھ بات چیت کے دوران تنظیم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مسٹر ہائیسنتھ پیٹر نے نشاندہی کی کہ پاکستان ان ممالک میں سے ایک ہے جہاں مزدوروں کے استحصال اور غلامی کی جڑیں سب سے زیادہ گہری ہیں اور جس کے غریب مزدوروں کی زندگیوں اور ان کے خاندان پر نمایاں اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس وقت، پاکستان گلوبل سلیوری انڈیکس میں آٹھویں نمبر پر ہے ، ایک اندازے کے مطابق 3,186,000 لوگ جدید غلامی میں زندگی گزار رہے ہیں۔ اینٹیں، کوئلہ، قالین، کپاس اور گنے سمیت متعدد مصنوعات جبری مشقت کے ذریعے تیار کیے جانے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ حالیہ سروے کا اندازہ ہے کہ پاکستان میں تقریباً 20,000 اینٹوں کے بھٹوں پر تقریباً 4.5 ملین افراد جن میں 10 لاکھ بچے بھی شامل ہیں، غلاموں جیسی حالت میں کام کرتے ہیں، جن میں خواتین کی تعداد کم از کم نصف ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں