نورشاہ تلائی عوام واٹرسپلائی سکیم کے ثمرات سے محروم

نورشاہ تلائی عوام واٹرسپلائی سکیم کے ثمرات سے محروم

کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر،نامہ نگار)لاکھوں نفوس پر مشتمل علاقہ نورشاہ تلائی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے بننے والی واٹر سپلائی سکیم کا عوام کو کوئی فائدہ نہ پہنچ سکا،6سال سے موٹرجل جانے کے باعث پانی کی سپلائی بند۔۔۔

 مکین زیر زمین مضر صحت اور آلودہ پانی پی کر مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونا شروع ہوگئے ، ہیضہ ،ہیپاٹائٹس بی ،سی ودیگر پیٹ کے امراض میں اضافہ۔تفصیل کے مطابق معروف بزرگ حضرت بابانورشاہ قلندر کے نام سے منسوب علاقہ نورشاہ تلائی میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے کروڑوں روپے کی لاگت سے واٹر سپلائی سکیم توبنادی گئی تھی مگر اس کافائدہ عوام کو نہ پہنچ سکا،مذکورہ واٹر سپلائی سکیم کی موٹر 6سال پہلے جل گئی تھی جسے تاحال مرمت نہ کرایا جا سکا، مکین آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں اور مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ دربار بابانور شاہ تلائی کے مخدوم شاہد سمراکا کہنا ہے کہ تحصیل انتظامیہ نے موٹر مرمت کرانے کے بجائے واٹر سکیم کو مکمل طور پر بند کردیا ،شہری زیر زمین مضر صحت اورکھاراپانی پینے پرمجبور ہیں ،شہریوں کی بڑی تعدادآلودہ پانی پینے سے پیٹ کے امراض ہیضہ، ہیپاٹائٹس بی ،سی کا شکار ہو رہے ہیں، ڈپٹی کمشنر سید منور عباس بخاری سے مطالبہ ہے کہ نورشاہ تلائی کی واٹر سپلائی سکیم کی موٹر کو چالو کرایاجائے تاکہ مکین شفاف پانی پی کر مختلف بیماریوں سے بچ سکیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں