20سالہ لڑکی کی سسرال میں ہلاکت کیخلاف مظاہرہ

20سالہ لڑکی کی سسرال میں ہلاکت کیخلاف مظاہرہ

ملتان(خبرنگارخصوصی)مبینہ طور پر سسرال میں قتل ہونے والی 20 سالہ ثانی زہرا کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف چوک کمہارانوالہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

 احتجاج مقتولہ ثانی زہرا کے والدین سید اسد عباس شاہ و سیدہ حنا زہرا کی قیادت میں کیا گیا۔ احتجاج میں ملتان کی سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت مرد و خواتین نے شرکت کی۔ مظاہرین نے پینا فلیکس اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ثانی زہرا کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچانے کے نعرے درج تھے ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقتولہ ثانی زہرا کے والد سید اسد عباس شاہ نے کہا کہ میری بیس سالہ بیٹی کو سسرال والوں نے جن میں اس کا سسر جیون شاہ، شوہر علی رضا شاہ، دیور حیدر شاہ، ساس عذرا جیون و دیگر دو خواتین نے مل کر بیدردی سے قتل کیا اور پھندا لینے کا ڈرامہ کیا۔ سید اسد عباس شاہ نے کہا کہ میری بیٹی کا ایک تین سال کا اور دوسرا نو ماہ کا بیٹا ہے وہ خود کشی نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ خودکشی کرنے کا جو جھوٹا ڈرامہ بنایا گیا ہے اس میں کوئی بندہ بھی یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ خود پھانسی لی ہے ۔ سید اسد عباس شاہ نے چیف جسٹس پاکستان اور ریاست سے مطالبہ کیا ہے کہ میری بیٹی کو بیدردی سے قتل کیا گیا ہے اس کے تمام قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں