ضلع میں تجاوزات کیخلاف بلاامتیاز آپریشن ہوگا:ڈی سی
بورے والا ( نمائندہ دنیا)ضلع وہاڑی میں سٹیک ہولڈرز کو ساتھ ملا کر تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیا جائیگا۔
ڈپٹی کمشنر وہاڑی آصف حسین شاہ نے ان خیالات کا اظہار بورے والا میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منصور امان، سابق ایم این اے چوہدری نذیر آرائیں، سابق ایم پی اے خالد محمود ڈوگر کے ہمراہ ضلعی انجمن تاجران اور معززین شہر کے ساتھ اجلاس میں کیا ، ٹریفک پلان، تجاوزات کے خاتمہ، سیف سٹی پروگرام اور دیگر امور بارے تفصیلی جائزہ لیا گیا ڈپٹی کمشنر نے کہا تاجر برادری تجاوزات کے خاتمہ کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے تاکہ تینوں تحصیلوں وہاڑی، بوریوالا اور میلسی شہر کے تمام روڈ اور گلیوں میں عوام کی آمدورفت میں آسانی ہو۔ڈی پی اومنصور امان نے کہا کم عمر رکشہ ڈرائیورز،بغیر کاغذات اور لائسنس نہ رکھنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈائون ہوگا سیف سٹی کیمروں میں توسیع کی جائے گی خواتین پولیس اہلکاروں پرمشتمل ردا فورس کا آغاز بورے والا میں بھی کیا جائے گا ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد ہر ممکن یقینی بنانا ہوگا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بوریوالا ملک فاروق، سی او بلدیہ وہاڑی علی صابر،سی او بلدیہ بوریوالا امتیاز جوئیہ، ڈی ایس پی سردار ظفر ڈوگر، صدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی چوہدری احتشام داود، چیمبر آف کامرس کے نمائندے اور دیگر سٹیک ہولڈرز موجود تھے ۔